نئی دہلی 4اکتوبر(ایس انیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مارکس وادی کمونسٹ پارٹی (ماکپا) نے کیرل میں بی جے پی کارکنوں کے خلاف ممکنہ تشدد کے متعلق پارٹی پر الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن کے ہاتھ سے فرقہ وارانہ تشدد سے رنگے ہوں وہ ہمیں امن کا پاٹھ نہ پڑھائے ۔ ماکپا کے رکن ورندا کرات نے کیرل میں تشدد کے واقعات کی مخالفت میں بی جے پی کے کارکنوں کے ذریعہ ماکپا ہیڈکوارٹر پر ہر دن مظاہرہ کرنے کے رد عمل میں اپنا موقف ظاہر کرتے ہوئے کہا ۔کرات نے کہا : بھاجپائی کارکنان کے ذریعہ ہیڈ کوارٹر پر روزانہ مظاہرہ ہمیں دھمکیاں دینے کے مترادف ہے ؛ لیکن ہم اس سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کے تمام واقعات کی تحقیقات میں بی جے پی اور آر ایس ایس کارکنوں کا واضح کردار سامنے آیا ہے ۔ کرات نے کیرل کے دورہ پر گئے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ن ناتھ کا نام لے بغیر کہا :جس کے ہاتھ بے گناہ کے خون سے رنگے ہیں وہ آج کیرل میں گھوم کر ہمیں ’شانتی ‘ کی تعلیم دے رہے ہیں ۔ کرات نے کہا کہ لوگوں کو کیرل میں ہسپتال اور اسکولوں کی ترقیات دیکھنا چاہئے کہ کس طرح وجین حکومت عوامی خدمات میں مصروف ہے ۔ انہوں نے بی جے پی رہنماؤں کو نصیحت دی کہ بی جے پی کے رہنما کیرل میں برسر اقتدار ماکپا حکومت کی عوامی خدمات سے سبق لیکر اپنی ریاستوں میں اس کے نفاذ کی کوشش کریں ۔